Thursday, September 4, 2025

تعطیل ششماہی : محنت کا تسلسل اور بامقصد منصوبہ بندی

 تعطیل ششماہی : محنت کا تسلسل اور بامقصد منصوبہ بندی



عتیق اللہ کلیم ✍️

الحمدللہ! ششماہی امتحانات کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ دن رات کی محنت اور محاسبے کے بعد اب سکون کے چند ایام یعنی چھٹیاں نصیب ہو رہی ہیں۔ یہ وقت محض آرام اور تفریح کے لیے نہیں بلکہ ایک قیمتی سرمایہ ہے، جسے اگر مثبت منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو آنے والے دنوں میں بہترین نتائج دے سکتا ہے۔

: استاد کی رہنمائی میں منصوبہ بندی

یہ سنہرا موقع ضائع نہ ہوجائے اس لئے استاد محترم کی رہنمائی میں منصوبہ بنائیں کہ اس تعطیل میں کیا کرنا ہے ،مثال کے طور پر مطالعہ کی جہت متعین کرانا ، کتاب کا انتخاب اور دیگر کاموں میں رہنمائی حاصل کرنا وغیرہ ۔ 

: درسیات میں کمزروی کی تلافی 

سال کے دوران جس مضمون میں آپ کی کارکردگی کمزور رہی ہے، اس کمی کو دور کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ اپنے استاذ سے رہنمائی حاصل کر کے اس مضمون میں اپنی کمزوری پر قابو پانے کی کوشش کریں، تاکہ آئندہ کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

: والدین اور بڑوں کا احترام

والدین کی خدمت، بڑوں کا ادب، رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور چھوٹوں کے ساتھ شفقت برتنا دنیا و آخرت کی کامیابی کا سبب بنتا ہے۔ تعلیمی مصروفیات کی وجہ سے اگر آپ کچھ عرصہ والدین کی خدمت سے محروم رہے ہیں اور یہ موقع آپ کے بھائی بہنوں کو ملا ہے، تو اب یہ کمی پوری کرنے کا بہترین وقت ہے۔ والدین کی خدمت میں خوشی محسوس کریں، ان کے احکام کو دل سے مانیں اور گھر کے کاموں میں خوش دلی سے ہاتھ بٹائیں۔ ان شاء اللہ، والدین کی خوشنودی اور دعائیں آپ کے لیے دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی اور سکون کا باعث بنیں گی۔ بھائی بہنوں کے ساتھ محبت، اخوت اور ہمدردی کا رویہ اختیار کریں تاکہ آپ ایک حقیقی سعادت مند انسان بن سکیں۔

: معاشرتی و تعلیمی خدمات 

چھٹی کا یہ وقت صرف اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ معاشرے کے لیے بھی مفید بنایا جا سکتا ہے۔ کسی تعلیمی، دینی یا سیاسی مجلس میں شریک ہونا، یا کسی سماجی خدمت میں حصہ لینا نہ صرف نیکی کا باعث ہوگا بلکہ ہمارے علم اور تجربے میں اضافہ بھی کرے گا۔

اس کی ایک شکل یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اگر آپ کے علاقے میں مکتب قائم ہے تو اس میں تعلیم حاصل کرنے والے چھوٹے بچوں اور بچیوں کے درمیان انعامی مسابقہ کرائیں اور اس میں اپنے علاقے کے اہلِ فکر کو دعوت دیں۔

آپ دیکھیں گے مسابقہ تعلیمی اعتبار سے نہایت مفید ثابت ہوا۔ 

: عوامی اصلاح اور دعوتی سرگرمیاں

چھٹیوں کے دوران محلے یا گاؤں کی مسجد میں جمعہ کے خطبات یا مختصر بیانات کے ذریعے عوامی اصلاح کا کام بھی شامل کیا جائے۔ یہ نہ صرف دین کی دعوت کا ذریعہ ہے بلکہ آپ کی تقریری صلاحیت کو بھی نکھارتا ہے۔

: سفر اور سیر و تفریح 

دورانِ تعطیل اگر سفر اعتدال کے ساتھ کیا جائے تو یہ نہ صرف ذہنی دباؤ کم کرتا ہے بلکہ نئے تجربات اور علم میں اضافہ کا سبب بھی بنتا ہے۔ مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی تفریح دل کو خوش اور دماغ کو توانا کر دیتی ہے، جس سے واپس آنے کے بعد پڑھائی میں مزید دلچسپی اور توجہ پیدا ہوتی ہے۔

: اختتامیہ

چھٹیاں دراصل محنت کے تسلسل کا دوسرا نام ہیں۔ اگر ہم ان ایام کو والدین کی خدمت، علمی ترقی، سیر و تفریح میں اعتدال، رشتے داروں کی ملاقات اور عوامی اصلاح جیسے کاموں میں گزاریں تو یہ چھٹیاں نہ صرف خوشگوار بلکہ بامقصد اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

https://urduarabiccorner.blogspot.com/2025/08/blog-post_19.html

https://urduarabiccorner.blogspot.com/2025/07/blog-post_10.html



No comments:

Post a Comment

پیغامِ سالِ نو: وقت کی پکار اور خود احتسابی

 پیغامِ سالِ نو: وقت کی پکار اور خود احتسابی عتیق اللہ کلیم ✍️   وقت کی تیز گامی اور حیاتِ مستعار سن 2025ء کی شام ڈھل رہی ہے اور 2026ء کا سو...