علامہ اقبال اور فلسفۂ خودی
:تعارف
علامہ اقبال ایک عہد ساز اور مفکر شاعر تھے۔ ان کی شاعری محض قافیہ پیمائی نہیں، بلکہ ایک مخصوص نظامِ فکر کی ترجمان ہے جس نے مشرق و مغرب کے سیاسی، تہذیبی اور روحانی زوال کا گہرا مشاہدہ کرنے کے بعد جنم لیا۔ اقبال نے استعاروں اور علامتوں کے ذریعے اپنے فلسفیانہ افکار کو ایک حسی اور ذہنی تجربے میں ڈھال دیا تاکہ خشک فکر، جذبے کی سطح پر آکر دلوں کو گرما سکے۔ وہ عظمتِ آدم کے علمبردار تھے اور انسانیت کو زوال سے نکالنے کے لیے انھوں نے اردو اور فارسی شاعری کو اپنا وسیلہ بنایا۔
:حیات، تعلیم اور ادبی سفر
حکیم الامت شیخ محمد اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ کے ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مکتب سے حاصل کرنے کے بعد اسکاچ مشن اسکول اور پھر گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور ایم اے (فلسفہ) کیا۔ لاہور میں پروفیسر ٹی۔ ڈبلیو آرنلڈ کی صحبت نے ان کے علمی ذوق کو مزید جلا بخشی۔ 1905ء میں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ گئے، کیمبرج سے تعلیم حاصل کی اور میونخ یونیورسٹی سے "ایران میں مابعد الطبیعیات کا ارتقاء" کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ لندن سے بیرسٹری بھی پاس کی۔
ان کا ادبی سفر کم عمری میں ہی شروع ہو گیا تھا۔ 1900ء میں انجمن حمایت اسلام کے جلسے میں ان کی نظم "نالۂ یتیم" اور 1904ء میں رسالہ ’مخزن‘ میں "ہمالہ" کی اشاعت نے انھیں صفِ اول کے شعرا میں لا کھڑا کیا۔ ’شکوہ‘، ’جواب شکوہ‘، ’خضر راہ‘ اور فارسی مثنویوں ’اسرار خودی‘ اور ’رموز بیخودی‘ نے انھیں شہرتِ دوام بخشی۔ طویل علالت کے بعد 21 اپریل 1938ء کو یہ عظیم مفکر اس دارِ فانی سے کوچ کر گیا۔
فلسفہِ خودی کا مفہوم
اقبال کے فکر و فلسفے کا مرکزی نکتہ اور جوہرِ کلام ان کا "نظریہِ خودی" ہے۔ لغت میں خودی کے معنی انانیت، خود پرستی یا تکبر کے ہو سکتے ہیں، مگر اقبال کی اصطلاح میں خودی کا مطلب غرور نہیں بلکہ "عرفانِ ذات" یا اپنے آپ کی پہچان ہے۔ یہ اپنے احساسِ ضعف پر قابو پانے، اپنے اندر یقین و اعتماد پیدا کرنے اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا نام ہے۔ اقبال فرماتے ہیں
خودی کا سرچشمہ: عشق اور توحید
اقبال کے نزدیک خودی کی بیداری اور پختگی کے لیے ’جذبۂ عشق‘ لازم ہے۔ ان کا عشق روایتی تصوف کا عشق نہیں، بلکہ وہ قوت ہے جو آرزوؤں کو وسعت دے کر حیات و کائنات کو مسخر کر لے۔ وہ عشق اور عقل کو لازم و ملزوم سمجھتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی، اقبال نے خودی کو خالصتاً اسلامی عقیدہِ توحید (لا الہ الا اللہ) سے منسلک کیا ہے۔ ایک اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہ جھکنا خودی کو استحکام بخشتا ہے
حرکت و عمل اور استغنا
فلسفہ خودی ہر اس نظریے کو مسترد کرتا ہے جو انسان کو سستی، بے عملی اور بغیر جدوجہد کے توکل کرنا سکھائے۔ خودی مسلسل حرکت، بے قراری اور عمل کا مطالبہ کرتی ہے۔ اگر خودی زندہ ہو تو انسان کا فقر بھی شہنشاہی کی شان پیدا کر لیتا ہے اور کائنات اس کے تسخیرِ عمل کے تابع ہو جاتی ہے
فرد اور ملت کا ربط
اقبال کی خودی انسان کو تنہائی اور گوشہ نشینی کا درس نہیں دیتی، بلکہ اسے معاشرے میں ایک فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرتی ہے۔ جب ایک فرد کی خودی بیدار ہوتی ہے تو وہ اپنے ساتھ پوری ملت کو عروج پر لے جاتا ہے۔
حرفِ آخر
اقبال کی شاعری قاری کو محض مسحور نہیں کرتی بلکہ اپنا گرویدہ بنا کر اسے عمل پر اکساتی ہے۔ ان کے فلسفہِ خودی کی معراج یہ ہے کہ انسان اپنی ذات کی کثافتوں کو لطافتوں میں اس قدر ڈھال لے کہ بندے اور رب کی منشا ایک ہو جائے اور انسان اپنی تقدیر خود لکھنے کے قابل ہو جائے۔ بقول علامہ

